5 Days International Workshop/Conference "تحقیق و تنقید کے جدید عالمی رحجانات(مقامی تھیوری کی جستجو)"

(27 ستمبر –یکم اکتوبر 2021) جدید تحقیقی و تنقیدی نظریات کے تناظر میں مقامی تھیوری کی جستجو کے مباحث کی سمجھ بوجھ کے لئے شعبہء اردو زبان و ادب ،نے فاطمہ جناح ویمن یونی ورسٹی کے پلیٹ فارم سے پانچ روزہ عالمی کارگاہ/کانفرنس کا اہتمام بہ عنوان :''تحقیق و تنقید کے جدید عالمی رحجانات(مقامی تھیوری کی جستجو)'' کیا۔جو کہ مُلکی جامعاتی تاریخ میں اپنی نوعیت کی پہلی عالمی کانفرنس رہی کہ جس میں طلبا کی نظری تربیت کے لئے گفتگو کے علاوہ چھپن (56) مُلکی و غیر مُلکی مندوبین نے مقالے بھی پیش کئے۔پانچ روز بارہ نشستوں پرمشتمل عالمی کارگاہ کو یہ اختصاص حاصل ہے کہ یہ بیک وقت کارگاہ اور کانفرنس بھی ثابت ہوئی ۔جس میں امریکہ،کینیڈا،ڈنمارک،جرمنی،بھارت،جموں کشمیر،آزاد کشمیر جب کہ مُلک کے ہر بڑے شہر کی نمایاں جامعات سے علم و ادب کے ماہرین ،دانشور ان و ماہرینِ تعلیم کی گفتگو اہم تھی۔ڈاکٹر فرحت جبیں ورک صدر شعبہءاردو ،فاطمہ جناح ویمن یونی ورسٹی،راولپنڈی نے بطور منتظم ،عالمی کارگاہ/کانفرنس کے انعقاد کی وجہ ،مقامی تھیوری ،مقامی ثقافتی رنگ کو عالم گیر تھیوریز کے مقابلہ میں سمجھنے اور سمجھانے کی فکر کو متنوع موضوعات کے تحت پیش کیا۔بلا شبہ یہ ایک عمدہ کامیاب کاوش رہی۔منتظم کارگاہ کے مطابق آئیندہ ایم فل/پی ایچ ڈی مقالہ جات ایسی ہی کسی مقامی تھیوری کے تناظرات کو مزید وضع کرنے کے قابل ہوں گے۔(ان شاء اللہ )۔سرپرستِ کانفرنس ،ڈاکٹر بشریٰ یاسمین (فیکلٹی ایڈوائزر)نے شعبہء اردو کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے تعارفی خطبے میں شعبہ کی دیگر کثیر الجہاتی سرگرمیوں کا خصوصی طور پر ذکر کیا۔ اس کارگاہ کی افتتاحی تقریب میں کلیدی خطبہ معروف شاعر،دانشور جناب ''سرمد صہبائی '' نے امریکہ سے برخط(آن لائن) پیش کیا،بطور مہمانِ خصوصی لیفٹیننٹ جنرل ہارون اسلم جب کہ بطورمہمانِ اعزاز پروفیسر ڈاکٹر یوسف خشک(چئیر مین اکادمی ادبیات) نے شرکت کی۔اختتامی تقریب میں ہر دلعزیز شاعر و ادیب پروفیسر انور مسعود بحیثیتِ مہمانِ خصوصی جب کہ مہمانِ اعزاز ڈاکٹر جمال ناصر(سی ای او ،سٹی لیب،راولپنڈی) شریک ہوئے۔تقریب کے اختتام پر حاضرین کی بھرپور فرمائش پر جناب انور مسعود صاحب نے اپنا معروف اور کچھ تازہ کلام پیش کیا ،جس کی بنا پر آن لائن اور ہال میں بیٹھے حاضرین کی تعلیم و تفریح کا برابر انتظام ممکن ہو سکا ۔ منتظم عالمی کارگاہ/کانفرنس ڈاکٹر فرحت جبیں ورک